جونیئر ایشیاء کپ؛ پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی ، پاک بھارت میچ 1-1 گول سے برابر رہا

7

 

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی ): اومان کے شہر صلالہ میں جاری جونیئر ایشیاء کپ میں  پاکستانی کھلاڑیوں  کی عمدہ  کارکردگی  کے باعث  پاکستانی ٹیم اپنے  گروپ میں  پہلی   پوزیشن  پر موجود ہے ۔

جونیئر ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کا سنسنی خیز میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔میچ کے آغاز سے دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا، پاکستان کی جانب سے واحد گول 44ویں منٹ میں بشارت علی نے سکور کیا جبکہ بھارت کی جانب سے 24ویں منٹ میں شردہ نند نے اپنی ٹیم کا واحد گول سکور کیا، پلیئر آف دی میچ عبدالحنان شاہد  قرار پائے۔

بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسان الرحمن مزاری نے اپنے بیان میں اومان میں جاری جونیئر ایشیاء کپ کے پاکستان اور بھارت کے میچ میں قومی جونیئر ٹیم کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا اسپرٹ قابل دید تھا، جس بہترین انداز سے کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت جیسی مضبوط ٹیم کے ساتھ میچ ڈراء کرنا قابل ستائش ہے، پوری قوم جونیئر ہاکی ٹیم کہ کامیابی کیلئے دعاگو ہے امید ہے پاکستان اسی پرفارمنس کیساتھ کھیلتے ہوئے وکٹری اسٹینڈ پر کھڑا ہوگا اور قومی پرچم سربلند کرے گا۔

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو منیجر و چیف کوچ ہاکی لیجنڈ حنیف خان نے ویڈیو بیان میں کہا کہ جونیئر ہاکی ٹیم میں ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے پہلی بار بھارت کی ٹیم کیساتھ بہترین  کھیل پیش کیا،انہیں سپورٹ کرنے کی  ضرورت ہے۔

پاکستان ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ جونیئر ایشیاء ہاکی کپ میں آج پاکستان اور بھارت کا میچ سنسنی خیز رہا، نئے ٹیلنٹ نے  کافی عرصے بعد اچھا کھیل پیش کیا، انکی پرفارمنس اور فزیکل فٹنس اچھی نظر آئی ہے، جس انداز سے کھیل شروع کیا اور اختتام تک جو فٹنس لیول تھا وہ قابل تعریف ہے۔