حکومت میگا پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کی خواہاں ہے تاکہ عوام ان سے مستفید ہوسکیں؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر

9

 

ملتان،18مئی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میگا پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کی خواہاں ہے تاکہ عوام ان سے مستفید ہوسکیں۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں  نے زیر تعمیر  میگامنصوبوں  بارے جائزہ اجلاس کی صدارت    کرتے ہوئے کیا۔آئی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر دانش افضال نے منصوبوں بارے بریفنگ دی،مختلف منصوبوں کے پراجیکٹس ڈائریکٹرز بھی اس موقع پرموجود تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق نشتر ٹو ہسپتال کی او پی ڈی کو یکم جون سے فنکشنل کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ رواں ہفتے نشتر ٹو او پی ڈی کے تعمیراتی  سائیٹ پر کام کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے کی تکمیل کی ٹائم لائن پر عمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کو 30 جون تک مکمل کیا جائے جبکہ شیخ زید ہسپتال میں زیر تعمیر سرجیکل کمپلیکس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

آئی ڈیپ کے سی ای او دانش افضال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نشتر ٹو ہسپتال کی او پی ڈی کی فنشنگ تیزی سے جاری ہے اور سائیٹ پر بھاری مشینری روڈ نیٹ ورک کی تعمیر میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ بائیو میڈیکل مشینری کی فٹنگ، سیوریج، سینٹری اور الیکٹر یفکیشن کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔انہوں نے نشتر ٹو کی او پی ڈی دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق فنکشنل کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔

دانش افضال نے یقین دہانی کرائی کہ 30 جون تک جنوبی پنجاب سیکرٹریت کے منصوبے پر واضح پراگریس نظر آئے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈی جی خان اور رحیم یار خان میں صحت کے میگا پراجیکٹس پر کام تیز کردیا گیا ہے۔