حکومت پنجاب کا صوبے بھر میں نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

32

 

ملتان، 22 مئی )اے پی پی ):حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر انجینئر عامر خٹک نے انتظامیہ و پولیس کو کریک ڈاؤن کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ نہری پانی چوری روک کر   کسانوں کی حق تلفی،سرکاری ریونیو کا ضیاع روکا جائے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر عامر خٹک نے  محکمہ ابپاشی، زراعت، پولیس، انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس کی  صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں فعال کردی گئی ہیں۔کمیٹیوں میں شامل پولیس اور انہار کے نمائندے موٹر پٹرولنگ کے ذریعے آپریشن کرینگے۔پانی چوروں کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو پانی چوروں سے تاوان وصولی اور چالانوں کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔

  ڈویژنل انتظامیہ نے جعلی زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ زراعت کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔اس بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ کھاد و زرعی ادویات کے سیمپل لیکر مافیا کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔کسانوں کو ناقص نان رجسٹرڈ بیجوں کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔پیدوار بڑھانے کیلئے محکمہ زراعت خصوصی آگاہی مہم چلائے۔کسان نمائندگان کی زرعی پالیسی کے حوالے سے تجاویز حکومت پنجاب کو بھجوائیں گے۔

کمشنر عامر خٹک نے جعلی زرعی ادویات پر درج مقدمات کی موثر پیروی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

قبل ازیں کمشنر عامر خٹک نے نشتر2 ہسپتال کی زیر تعمیر سائٹ کا دورہ کیا، اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں کمشنر عامر خٹک نے گندم خریداری مہم، قومی مردم شماری، کپاس کی کاشت بارے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی۔ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔