حکومت کی جانب سے جنگی بنیادوں پر کپاس کی اضافی کاشت، پیداوار کے احکامات ہیں؛ سیکرٹری  افتخار سہو

45

ملتان،20 مئی(اے پی پی):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب افتخار سہو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کو معیاری بیج کھاد اور سپرے پر سبسڈی دے رہی ہے، حکومت کی جانب سے جنگی بنیادوں پر کپاس کی اضافی کاشت، پیداوار کے احکامات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک موجود تھے اور کمشنر بہاولپور ڈاکٹر احتشام انور، وی سی زرعی یونیورسٹی پروفیسر راؤ آصف بھی موجود تھے۔

 سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کپاس کی کاشت قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیں۔انہوں نے حکومت پنجاب کا کاشت کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے متعلقہ محکموں کو 6 ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پیداوار کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے محکموں کو 1 سال کی تنخواہ بطور انعام دی جائے گی جبکہ کپاس کی فی ایکڑ زائد پیداوار پر کاشتکار کو خصوصی انعامات دئے جائیں گے۔

افتخار سہو نے کہا حکومت پنجاب نے کپاس کی کم سے کم امدادی قیمت 8500 روپے من مقرر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت ایکسٹینشن کے افسران اہلکار کپاس کے کاشتکاروں سے براہِ راست رابطہ میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو خصوصی طور پر نہری پانی فراہم کیا گیا ہے۔

سیکرٹری زراعت افتخار سہو نے پانی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ پانی چوروں کیخلاف کارروائی سے  لاکھوں ایکڑ اراضی پر کاشت آسان اور ارزاں ہو گی اور زرعی پیداوار میں اضافہ سے کسانوں کی مالی حالت بہتر ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نہروں کو 53 ہزار کیوسک پانی دیا جارہا ہے، محکمہ آبپاشی نے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کی ضروریات کو ترجیحاً مدِ نظر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 45 لاکھ 54ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت جاری ہے، جنوبی پنجاب کا ہدف صوبہ پنجاب کے مجموعی ہدف کا91 فیصد ہے۔

سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ زراعت افسران و اہلکار گاؤں گاؤں جاکر کپاس کی کاشت بارے آگاہی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس سفید سونا، زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہے۔

 کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سےملتان ڈویژن کو 1269000 ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا ہے، 1269000 ایکڑ پر کپاس کی کاشت سے 2221600 گانٹھوں کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا انتظامیہ و محکمہ زراعت کپاس کی کاشت بارے کسانوں کے مسائل حل کرنے بارے فیلڈ میں موجود ہے۔

کمشنر نے کہا اپٹما،ٹی سی پی کو کپاس خریدنے کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ

بہترین بیج کی فراہمی یقینی بنا کر کپاس کی بہترین کاشت یقینی بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال کیلئے بھی نہری پانی کا مسلئہ حل کرنے بارے ابھی سے پلاننگ کرنا ہوگی۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان افضل، ڈائیریکٹر زراعت شہزاد صابر سمیت سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید، جنوبی پنجاب کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ زراعت ، انہار، متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔