لاہور،20مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے جبکہ بیرونی ممالک سے تجارتی روابط بھی بڑھ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شعیب بٹ کی قیادت میں وفد سے گفتگو میں کیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اچھی معیشت کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے، پہلی بار ایران سے بجلی لینے کی شروعات کی جا رہی ہے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے، قومی سوچ اپنانے سے بہت سے مسائل با آسانی حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تاجر برادری اس وقت حقیقی معنوں میں معاشی جہاد کررہی ہے جو مختلف مسائل کے باوجود تجارتی و کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بہت جلد ان معاشی مشکلات سے نکال لیں گے۔