پشین،31 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا ہے کہ خدمت خلق عین عبادت ہے۔ غریب، مظلوم، یتیموں، بیواؤں اور متوسط طبقے کی خدمت سے انسان کو دلی سکون ملتا ہے ، خدمت خلق فاونڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر کی غریب عوام کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، متوسط طبقے کی خدمت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے اور ہر موقع پر اپنا کردار ادا کیا ہے اس سلسلے میں ہر مکتبہ فکر آگے آکر کردار ادا کرنا چاہئے۔
یہ بات انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر کی جانب سے پشین کے کلاس فور ملازمین کیلئے عید کے کپڑے اور دیگر اشیاء کی تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کے کے ایف انٹرنیشنل کی جانب سے دئیے گئے 60ملازمین کیلئے عید کے کپڑے اور دیگر اشیاء تقسیم کیے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹریاسر خان بازئی نے کہاکہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو عید خوشیوں میں ضرور شامل کرنا چاہئے کیونکہ خدمت خلق عین عبادت ہے اگر مخیرحضرات اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نعمت اللہ ظہیر کی طرح متوسط اور غریب طبقے کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں تو معاشرے سے کافی حد تک غربت پر کمی پائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ابتر حالات میں زندگی گزار رہے ہیں مگر کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے، چیئرمین نعمت اللہ ظہیر ایسے لوگوں کی خدمت کر کے عظیم عبادت کی سعادت حاصل کر رہے ہیں، انسانوں کی بے لوث خدمت ہمارا دینی فریضہ ہے اس کا درس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ اور قرآن شریف سے بھی ملتا ہے، گویا خدمت خلق بھی دین اسلام کا ایک اہم جزو ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹریاسر خان بازئی نے اس سلسلے میں مخیر حضرات سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کی خدمت کے لئے آگے آکر خدمت خلق فاونڈیشن انٹرنیشنل کا ساتھ دیں تاکہ وہ غریبوں،یتیموں،بیواؤں،مساکین اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے افراد کی مزید خدمت جاری رکھیں ،اس سلسلے میں ہم کے کے ایف انٹرنیشنل کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے اور ہر فورم پر ان کا ساتھ دیں گے۔