خوشحال اور مستحکم پاکستان ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

13

لاہور، اپریل 30(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سابق وزیراعظم پاکستان و مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے سمیت دیگر مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر علاقائی ممالک سے تعلقات میں بہتری اور تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔انھوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس لاہور کو عیدالفطر کے روز عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ گورنر ہاؤس کو  عوام کے لیے مستقل کھولنے کے لیے ایک منظم طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔ گورنر ہاؤس کو انشاللہ جلد عوام کیلئے کھولا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے بطور پٹرولیم منسٹر ایل این جی کی سستے داموں درآمد کی جس سے  ملک کو بہت فائدہ ہوا۔  یہ اقدام  معیشت میں بہتری اور انرجی بحران میں میں کمی لانے کا سبب بنا۔ گورنر پنجاب  نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک و قوم کی بہتری  کے لیے اقدامات اٹھانے کے باوجود شاہد خاقان عباسی کو پچھلی حکومت میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں حکومت کو یکسوئی سے کام کرنے کا موقع ملنا چاہیئے۔ تاکہ حکومت ملک و قوم کی بہتری کے لیے اہم اور بروقت فیصلے کر سکے۔