پشاور،9مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی بات ہورہی ہے، خیبر پختونخوا میں الیکشن کی بات نہیں ہورہی،جو لوگ ٹیبل ٹاک نہیں کرتے تھے انہیں ہم نے ایک بینچ پر پہنچایا ہے، خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے۔
منگل کو پشاور پریس کلب میں سینیٹر روبینہ خالد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے، عمران خان خیبر پختونخوا آکردیکھے یہاں پر آج بھی ہمارے پولیس اہلکار نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی بات ہورہی ہے لیکن خیبر پختونخوا میں الیکشن کی بات نہیں ہورہی،جو لوگ ٹیبل ٹاک نہیں کرتے تھے انہیں ہم نے ایک بینچ پر پہنچایا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم ملک میں اگلے عام انتخابات میں عوام کے ووٹوں کے ذریعے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہندوستان میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا ہے،بلاول بھٹو جہاں بھی جاتے ہیں ،وہ پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی پی پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احساس محرومی ہے ، ہمارے صوبے کے بدقسمت لوگوں نے دس سال ان کو حکومت دی اور پی ٹی آئی نے ان سالوں میں صرف لوٹ مار کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبہ جس نے دس سال ان کو اقتدار دیا، اس میں سے ایک بھی رہنما کو پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔