پشین،02 مئی ( اے پی پی ) : سابق ڈسٹرکٹ ناظم کوئٹہ محمد رحیم کاکڑ نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھی انسانیت خصوصاََ معاشرے کے ضروت مند لوگوں بشمول بیواؤں اور معذوروں کی فلاح کے لیے کام کرنا ایک عظیم اور مقدس فریضہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن میں نمایاں خدمت سرانجام دینے والے میڈیا ہاؤس پشین کے سنئیر صحافیوں سمیت سوشل ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیم ایوارڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے چیئرمین صدارتی تمغہ امتیاز سماجی رہنما نعمت اللہ ظہیر، سنیئر صحافی و اینکر پرسن ملک محب ترین نے تقریب سے خطاب کیا۔نعمت اللہ ظہیر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے سے جنت اور خدمت سے اللہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن (انٹرنیشنل) گزشتہ 30 سالوں سے سماجی وفلاحی بہبود کے کاموں میں مصروف عمل ہیں اور ہمیشہ بلارنگ ونسل معاشرے میں انسانیت کی بقاء کےلیے جدوجہد کررہی ہے اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی حوصلہ افزائی اور غریب، نادار، یتمیوں اور بیواؤں کی مدد کی ہے۔
سنیئر صحافی و اینکر پرسن ملک محب ترین نے کہاکہ خدمت خلق ایک عظیم مشن ہے ،اس ضمن میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے کام قابل فخر ہیں، گزشتہ 30 سالوں سے ہر روز غریب ونادار افراد کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے سماجی سرگرمیاں جاری رکھنے کے سلسلے میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ہرمکمن مدد کا یقین دلایا۔
آخر میں میڈیا ہاؤس کے سنئیر صحافیوں سمیت سوشل ورکرز میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔











