رحیم یارخان،25 مئی (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یارخان کے زیر اہتمام یوم تکریم شہداء کے سلسلہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب محمد ثاقب نے کہاکہ مسلح افواج ملک کے دفاع کا واحد ذریعہ ہیں، پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہونا چاہیے خواہ وہ غازی ہے یا شہید اور ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہ جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آزادی کی نعمت سے مالامال ہیں یہ سب ہمارے جوانوں اور شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
محمد ثاقب نے کہاکہ اس موقع پر وہ شہدائے صحافت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ریاست کے چوتھے ستون صحافت کے مسائل کو حل کرنے بارے بھی حکومت سے پر زور اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک قوم ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ملک کے لیے جتنا کر سکتے ہیں ضرور کریں۔
اس موقع پر فنانس سیکرٹری حافظ فلک شیر سندھو، انفارمیشن سیکرٹری صدیق بلوچ، چوہدری بلال جمشید؛ میاں انوار الحق، جام شبیر احمد، ملک محمد ارشد، وقار کورائی، سلیم ناصر، عدنان سومرو، عامر بھٹی، رخسار علی، سماجی شخصیت فرحان عامر سمیت صحافی برادری کی کثیر تعداد موجود تھی۔