روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے سفر حج کیلئے روانہ ہونے والے 26 ہزار عازمین مستفید ہوں گے؛سینیٹر محمد طلحہ محمود

28

اسلام آباد،18مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے سفر حج کیلئے روانہ ہونے والے 26 ہزار عازمین مستفید ہوں گے، آئندہ سال ملک کے دیگر ہوائی اڈوں کو بھی روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کیا جائے گا۔

 وہ جمعرات کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں وزارت انسداد منشیات، وزارت داخلہ کے حکام سمیت دیگر متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ امیگریشن کے حوالہ سے عازمین حج کے تمام مسائل روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حل ہوں گے، اس سال اسلام آباد ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے 26 ہزار عازمین حج کی امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی نائب وزیر داخلہ نے بڑا کامیاب دورہ کیا ہے، رواں سال پونے 2 لاکھ پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

 وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ دیگر پاکستانی ہوائی اڈوں پر بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے اجراء کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، سعودی عرب کے ساتھ امیگریشن اور کسٹم کے تمام مسائل پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں، آئندہ سال دیگر پاکستانی ہوائی اڈوں کو بھی روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چار سال بعد بڑا حج ہو رہا ہے، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سمیت دیگر ہوائی اڈوں کو بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کے حوالہ سے امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پاکستانی عازمین حج کیلئے ہر ممکن سہولیات کیلئے کوشاں ہیں، وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری سکیم کے عازمین حج کو قربانی کی مد میں مزید رقم نہیں دینا پڑے گی، اپنے وسائل کے مطابق عازمین حج کی خدمت کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، رواں سال کسی کو مفت حج کی اجازت نہیں ہو گی، عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کیلئے معاونین حجاز مقدس بھجوائے جا رہے ہیں جو جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج آپریشن کے تحت خدمات سرانجام دیں گے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پوری کوشش کر رہا ہوں کہ حجاج کو قربانی کے 720 ریال کے علاوہ بھی حج کے بعد کچھ رقم واپس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 25 کروڑ عوام سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

 اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ ایک بڑا اقدام ہے، حج کی لاگت 4 ہزار ڈالر سے بھی کم ہو گئی ہے، ایک ہی چھت کے نیچے پاکستانی عازمین کو سہولت ملے گی، سعودی حکومت اﷲ کے مہمانوں کی مکمل خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے روڈ ٹو مکہ کے حوالہ سے اقدامات پر شکرگزار ہیں، لاہور اور کراچی سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر کام جلد شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ پاکستانی عازمین کو ملک کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی یہ سہولت فراہم کی جائے۔