شیخوپورہ،25 مئی (اے پی پی): ملک بھر کی طرح شیخوپورہ میں بھی یوم تکریم شہداء پاکستان ملی جذبہ اور قومی جوش و خروش سے منایا گیا، وطن عزیز کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شیخوپورہ کی باسی یکجان نظر آئے۔
یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس شیخوپورہ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب کا انعقاد سروسز کلب میں کیا گیا۔ تقریب میں شہداء کے خاندانوں کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا اور گلدستے و تحائف دیئے گئے۔
تقریب میں شرکاء نے پاک فوج ، پاکستان نیوی ، پاکستان بحریہ ، پولیس اور پاکستان کی سالمیت اور خودداری کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی بلندی درجات اور وطن عزیز کی تا قیامت سالمیت کے لیے خصوصی طور پر دعا کی اور شہداء کے خاندانوں کو سیلوٹ پیش کیا ۔
ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھلاتیں، پاک فوج ہماری جان ہے جس نے ہر معرکے میں ہمیں محفوظ رکھا،ہمارے ادارے ہماری بقا کیلئے ضروری ہیں، ادارے کسی خاص طبقہ کے نہیں بلکہ پوری قوم کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان اتحاد اور تنظیم ہمارا نصب العین ہے اور شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں،شہداء کی فیملیز کیلئے ہمارے وسائل حاضر ہیں، قوم شہداء پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے کہا کہ شہیدوں کے لہو سے ہمارا ملک پنپ رہا ہے ، ہم شہداء کی میراث کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ ہم شہداء وطن کی عظیم قربانیو ں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمارا فخر ہیں،انکی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے،شہداء اور ان کے خاندانوں سے عزت و تکریم کا رشتہ تا ابد قائم رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی و خوشحالی ، سالمیت کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔