عالمی ادارہ صحت، وزارت قومی صحت کے تعاون سے دوسری جوائنٹ ایکسٹرنل ایوی لوایشن سیمینار کا انعقاد

7

لاہور، 19 مئی (اے پی پی): عالمی ادارہ صحت، وزارت قومی صحت اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام دوسری جوائنٹ ایکسٹرنل ایوی لوایشن پاکستان 2023  سیمینار کا انعقادکیا گیا، جس میں  نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجدعلی شاہ نے  بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سیمینار سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر عالمی ادارہ صحت، وزارت قومی صحت اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستانی عوام کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، آج پوری دنیا خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ بیماری کا کوئی بارڈر یا ریڈ لائن نہیں ہوتی، عوام تک صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔  انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیو پلاسٹی کی 24/7 سہولت فراہم کی گئی ہے۔

  ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ احتیاط ہمیشہ علاج سے بہتر ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کے منصوبہ جات قلیل عرصہ نہیں بلکہ ہمیشہ کیلئے ہونے چاہئیں، صحت کے منصوبہ جات ہمیشہ سائنسی بنیادوں پر بنانے چاہئیں۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم  نے کہا کہ صحت کے منصوبوں کی کامیابی کیلئے ملک میں سیاسی بصیرت کاہونا بہت ضروری ہے۔  انھوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالہ سے دنیا کا سب سے بڑا ہسپتال ہے، صحت کے نظام میں بہتری کیلئے عملدرآمد کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ  نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

سیمینار میں    سیکرٹری صحت علی جان خان، ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان ناصر، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، عالمی ادارہ صحت پنجاب کے انچارج ڈاکٹر جمشید، ڈاکٹر زرفشاں طاہر، منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سے ڈاکٹر سلمان، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے ڈاکٹر انور جنجوعہ، ڈاکٹر گلزار، ڈاکٹر نعیم مجید، محکمہ صحت کے افسران اور بیرون ممالک سے آئے طبی ماہرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔