فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی و دیگر رہنماؤں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا

9

فیصل آباد، 29 مئی(اے پی پی):فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی و دیگر رہنماؤں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔

 پی ٹی آئی کے سابق ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری علی اختر، شکیل شاہددیگر پارٹی رہنماؤں احتشام جاوید،رانا زاہد محموداوررانا اسرارنے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کو رونما ہونیوالے افسوسناک واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حقیقی تبدیلی کے نعرے پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور ان کاپی ٹی آئی کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرالیکن انہیں کبھی کسی سے لڑنے جھگڑے کی تربیت نہیں ملی مگر9مئی کواچانک جوکچھ ہواوہ ان کیلئے حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کابھی عسکری خاندان سے تعلق ہے اسلئے وہ اس سانحہ پر دلبرداشتہ ہوکر 9 مئی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپنی راہیں جدا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو چھوڑنا لمحہ فکریہ تھالیکن انہوں نے اپنے عسکری اداروں کی ساکھ بحال کرنے کا فیصلہ کیااور وہ اب پی ٹی آئی سے اظہار لا تعلقی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے بعد ہماری حفاظت فوج کے ذمہ ہے لیکن 9 مئی کو جو ہواوہ قابل برداشت نہیں لہٰذااب ان کا پی ٹی آئی کے ساتھ مزید چلنا مناسب نہیں رہاجس کے باعث انہوں نے لاتعلقی اورپی ٹی آئی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

سابق چیئرمین فیڈمک احتشام جاوید نے کہا کہ وہ بحیثیت محب وطن پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں جو ملکی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کی اہمیت کو بخوبی جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اپنے عسکری اداروں کے بغیر ان کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ9 مئی کے ایکٹ میں نہ شامل تھے اورنہ ہی پر تشدد سیاست پر یقین رکھتے ہیں بلکہ ان کی سیاست صرف خدمت کی سیاست تھی اسلئے وہ ان واقعات کی مذمت اور پی ٹی آئی سے راہیں جدا کررہے ہیں۔

رانا اسرار نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتی اور ملک کیلئے جانیں نثار کرنیوالے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں لہٰذٓ آج سے وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہے کیونکہ پاک فوج ہے تو ہم ہیں۔ سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اختر علی نے کہا کہ ان کے بھائی و سابق صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات و پبلک پراسیکیوشن پنجاب چوہدری ظہیر الدین خان بھی پی ٹی آئی سے علیحدہ ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر تیمورخان بھی جلدپریس کانفرنس کرکے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کاموں میں اس طرح تو ہوتا ہے۔

کارپوریشن کے نوٹس کے حوالے سے چوہدری علی اخترنے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں قانونی چارہ جوئی اورسیاست سے کنارہ کشی کر رہے ہیں۔سابق ایم پی اے شکیل شاہد نے کہا کہ وہ ابھی سیاست نہیں چھوڑ رہے بلکہ فیملی سے مشاورت کے ساتھ آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما ؤں سابق ایم پی اے چوہدری علی اختر،میاں شکیل شاہد،سابق صدر چیمبر آف کامرس انجینئر احتشام، چوہدری زاہد محمود،رانا اسرارنے کہا کہ ان کا پی ٹی آئی سے پرانا تعلق تھالیکن ان کی فیملیز کی افواج پاکستان سے بھی وابستگی ہے اسلئے انہوں نے سب نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ اگرہماری فوج نہیں ہے تو ملک نہیں چل سکتااسلئے وہ تحریک انصاف سے لاتعلق ہورہے ہیں کیونکہ9 مئی کے واقعہ سے پوری دنیا میں ہماری  تذلیل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے والدین نے ہماری ایسی تربیت نہیں کی کہ ہم اپنی مسلح افواج کے خلاف کوئی ایسا اقدام کریں جس سے ہماری فوج کو کوئی نقصان پہنچے نیز وہ9 مئی کے واقعات میں کسی پر تشدد سرگرمی یا احتجاج کا حصہ بھی نہیں تھے کیونکہ ریاست ہے تو ہم ہیں اور ملک ہے لہٰذاہم نے مل جل کر فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے صرف خدمت کی سیاست کرنی ہے اور وہ کسی پرتشدد یا خلاف قانون اقدام کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔