اسلام آباد،22مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی نے ایک متفقہ قراداد کی منظوری دی ہے جس میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے افواج پاکستان پر مکمل اعتماد ، یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا گیا ہے ۔
پیر کو قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قراداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان 9 مئی 2023 کو ملک کے بعض حصوں میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے، ڈھٹائی اور شرمناک واقعات اور جن واقعات نے ہمارے قومی تشخص کو داغدار کیا، ان کی شدید مذمت کرتا ہے جبکہ یہ ایوان پاکستان کی مسلح افواج پر اپنے مکمل اعتماد ، مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتا ہےاور اعادہ کرتا ہے کہ 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر شمار کیا جائے گا۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ تمام مشتعل افراد، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور جو لوگ بلاواسطہ یا بالواسطہ آتشزدگی، فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی املاک پر حملوں میں ملوث ہیں، ان کے خلاف ملک کے موجودہ قوانین بشمول انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 ایکٹ 1952 کے ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ 1860 کے تحت مقدمات قائم کئے جائیں ۔ یہ ایوان ہدایت کرتا ہے کہ تمام متعلقہ حکام سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں تاکہ ملک کے اداروں کے خلاف، پاکستان کے اندر اور باہر سے، متعدد کھلاڑیوں کی سرپرستی اور سہولت کے تحت، پروپیگنڈے سے نمٹا جا سکے تا کہ پروپیگنڈہ مہم میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے۔ قرادار میں کہا گیا ہے کہ کہ ہم موجودہ جیوسٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں قومی اتحاد، ہم آہنگی اور سالمیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے تمام ریاست مخالف عناصر کو مسترد کرتے ہیں، تمام سیاسی مسائل کا حل ہمیشہ پارلیمانی اور جمہوری اصولوں کے دائرے میں رہنا چاہیے اور ریاستی اداروں، سرکاری اور نجی املاک کے خلاف تشدد کا سہارا لینا بالکل ناقابل قبول ہے۔ قومی اسمبلی نے قراداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ۔