لاہور۔30اپریل (اے پی پی):لیجنڈ زاکیڈمی کے زیر اہتمام نوجوان نسل میں فٹبال کے فروغ اورمقامی سطح پرکوچز کی تیاری کیلئے تربیتی کلاسز کا آغاز ہوگیا ۔اس حوالے سے افتتاحی تقریب اتوار کے روز ڈی ایچ اے فٹبال گرائونڈ میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیٹ ویسٹ گروپ کے چیف انفارمیشن آفیسرمحمد کمال سید نے کہا کہ تربیتی کلاسز کا مقصد پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین قومی فٹبال ٹیم تیار کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری قومی ٹیم بھی یوکے پریمیر لیگ اور یورپین پریمیر لیگ جیسے مقابلوں میں شرکت کرے تاکہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو اور پاکستان فٹبال کے حوالے سے اپنا ایک تشخص قائم کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ان فٹبال کلاسز میں بیرون ممالک سے کوچز بچوں کو تربیت دے رہے ہیں ۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈز اکیڈمی کے روح رواں حمزہ محمد سید نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان سے بھی بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوں اورمقامی معیاری کوچز سامنے آئیں اسی مقصد کیلئے ان تربیتی کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے جس میں برطانیہ کے فٹبال کوچ Toshua wallاور مراکش کے کوچ Zakria lasfi تربیتی سیشن میں شرکت کرنے والے بچوں کو تربیت دے رہے ہیں۔حمزہ سید نے بتایا کہ اس سیشن میں 18سال تک کی عمر کے 400بچوں نے شرکت کی جن میں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کے بچے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جون سے پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سکول کے18سال سے کم عمر بچوں کو فٹبال کی مفت تربیت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی پیر سے بدھ تک ڈی ایچ اے سیکٹر Kکی فٹبال گرائونڈ میں بچوں کو تربیت دے گی ،کلاسز شام 4بجے سے رات 10بجے تک جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈی ایچ اے انتظامیہ اور اپنے سپانسرز کے بے حد مشکور ہیں جن کے تعاون سے یہ تربیتی سیشن منقعد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ تربیتی کلاسز لاہور کے دیگر کھیلوں کے میدانوں میں بھی منعقد کی جائیں گی ۔
اس موقع پر برطانوی کوچ Toshua wallنے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ لیجنڈز کلب نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور میری بھر پور کوشش ہوگی کہ میں نوجوانوں کو فٹبال کی بہتر سے بہتر تربیت دے سکوں ۔انہوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب سے مجھے بخوبی اندازہ ہوگیا ہے کہ یہاں کی عوام دیگر کھیلوں کے ساتھ فٹبال سے بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔اس موقع پر مراکش کے کوچ Zakria lasfiنے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے یہاں کے بچوں کو آگے بڑھنے کیلئے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر جنوبی پنجاب کے شہر لیہ سے شرکت کرنے والے عمیر رضا نے بتایا کہ مجھے اس تربیتی سیشن میں شرکت کرکے بے پناہ خوشی ہورہی ہے اور میں حمزہ محمد سید کا مشکور ہوں انہوں نے ہمیں آگے بڑھنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں غیر ملکی کوچز ہمیں تربیت فراہم کررہے ہیں۔