محسن نقوی کا فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اورچلڈر ن ہسپتال کا دورہ، طبی سہولتوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا

132

لاہور، 18مئی (اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اورچلڈر ن ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اورعلاج معالجے اورپرائمری انجیو گرافی کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں اوران کے تیماردار وں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسارکیا۔ مریضوں اورتیمارداروں نے علاج معالجے و پرائمری انجیو گرافی کی سہولتوں اورمفت ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بعض مریضوں نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کا رڈیالوجی میں بیڈزکی کمی کے حوالے سے شکایات کیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیڈز کی تعداد جلد بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پارکنگ ایریا میں اوورچارجنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو پارکنگ کی اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا حکم دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری میں بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ چلڈرن ہسپتال کی انتظار گاہ میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مریضوں کے رش کے باعث کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں توسیع ناگزیر ہے۔فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال فیصل آبادکے تعاون سے نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک کی فوری تعمیر شروع کرنے کے لئے اراضی مختص کی جا رہی ہے۔ صوبائی وز راء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،مشیروہاب ریاض،معروف صنعتکار گوہر اعجاز،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنر فیصل آباد،آرپی او،سی پی او،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اواورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔