اسلام آباد،21مئی(اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی(سی ای سی) کے رکن انور سیف اللہ خان نے معصوم بچوں اور امن پسند مکینوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے لکی مروت کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبر انور سیف اللہ خان کی زیر صدارت مروت قومی امن جرگہ منعقد ہوا۔مروت قومی جرگہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کئے جائیں تاہم علاقے میں معصوم بچوں اور امن پسند مکینوں کی حفاظت کے لیے عام آپریشن کے بجائے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم لکی مروت میں امن چاہتے ہیں۔
جرگہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ لکی مروت کے عمائدین اور معززین نے ہمیشہ ملکی مفاد کی حمایت کی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مروت قومی جرگہ ان لوگوں کے خلاف ہے جو ملک کی بہادر افواج کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جرگہ بہترین قومی مفاد میں علاقے میں امن کو یقینی بنانے اور علاقے کے لوگوں کو امن کے ساتھ، ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنے کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ جرگے نے فورسز اور اس کی تنصیبات کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔
جرگے نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران علاقہ مکینوں کے جان و مال کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔