ملتان؛ پٹرولنگ پولیس کی ویلفیئر کے لیے تعلیمی ادارے سے معاہدہ ، فیسوں میں رعایت دی جائے گی

67

 

ملتان،07مئی(اے پی پی): پنجاب ہائی وے پٹرول کی جانب سے ایس پی ہما نصیب کی خصوصی کاوش سے اسپائر گروپ آف کالجز کے پرنسپل پروفیسر ریاست کے ساتھ پٹرولنگ پولیس کی ویلفیئر کے لیے معاہدے پر دستخط کر دئیے گئے ہیں جس کے مطابق شہداءاور دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کے 100فیصد مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ یونیفارم اور کتابیں دی جائیں گی جبکہ حاضرسروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

 اس دوران یہ بھی طے پایا کہ پیٹرولنگ پولیس کالج کے طلباء کو روڈسفیٹی وٹریفک رولز اور سیکورٹی کے متعلق ٹریننگ دینگے۔

ایس پی ہما نصیب نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین سکولزاور کالجز میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پولیس ملازمین اپنے محدود وسائل کی وجہ سے بچوں کو اچھے تعلیمی اداروں میں داخل نہیں کرواپاتے۔

انہوں نے آخر میں طلباء سے کہا  کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، موٹر سائیکل استعمال کرتے وقت ہیلمٹ اور سائیڈ ویو مرر کے استعمال کو یقینی بنائیں، تیزرفتاری ون ویلنگ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کااستعمال کسی بھی صورت نہ کریں۔

 ایس پی ہما نصیب نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جا رہا ہے، ہائی ویز پر کسی بھی قسم کی مدد حاصل کرنے کے لیے شہری ہیلپ لائن1124 پر رابطہ کریں اور آپ تمام لوگ پی ایچ پی پولیس سے تعاون بھی ضرورکریں۔

اس موقع پر موبائل ایجوکیشن یونٹ انچارج جاوید اقبال عاربی بھی موجود تھے۔