ملتان 04 مئی ( اےپی پی): ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک نے گزشتہ روز دورہ ملتان کے دوران اولڈ ایج ہوم اور صنعت زار کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ حکام سے بریفننگ لی۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک نے اولڈ ایج ہوم ک فوری تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے احکامات بھی جاری کئے جبکہ صنعت زار میں خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے نئی کورسز کی کلاسوں کو بھی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ مدثر ریاض ملک نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا اولڈ ایج ہوم اور صنعت زار سمیت سوشل ویلفیئر کیلئے خصوصی وژن ہے جس کے تحت خواتین اور بزرگوں کو سہولیات فراہم کرکے معاشرے کا فعال رکن بنائیں گے۔ قبل ازیں ڈی جی سوشل ویلفیئر نے صنعت زار میں جاری مختلف ٹریننگ کورسز کا معائنہ بھی کیا اور کہا کہ پاکستانی مصنوعات دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے نئےکورسز کا آغاز کررہے ہیں۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق کورسز متعارف کرائے ہیں۔ڈی جی سوشل ویلفیئر نے اولڈ ایج ہوم کے دورے کے موقع پر برزگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ ایج ہوم کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔ بے گھر برزگوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی رجسٹرڈ کرایا جارہا ہے تاکہ انکی کفالت کی اسکے۔مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ سوشل ویلفیئر کے تمام ذیلی محکموں کو بھی خصوصی گرانٹ فراہم کرینگے۔











