ملتان ،22 مئی (اے پی پی ): ڈائریکٹر حج ملتان ریحان کھوکھر نے کہا ہے کہ حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں ملتان کے 98 فیصد عازمینِ حج کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج ملتان ریحان کھوکھر نے کہا کہ حج آپریشن کا پاکستان میں آغاز ہوچکا ہے، حج آپریشن کے مختلف مراحل ہوتے ہیں ،پہلے مرحلے میں حجاج کرام کو حج کی تربیت دی جاتی ہے، اس دفعہ وزارت مذہبی امور نے حجاج کی تربیت کو لازمی قرار دیا اور جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں میں حج کی تربیت کا بندوبست کیا گیا ،الحمدللہ پہلے مرحلے میں ہر تحصیل میں حجاج کی تربیت ہوئی اس میں تقریباً 92 فیصد عازمینِ حج نے شرکت کی، اس کے بعد کسی بھی وجہ سے حج تربیتی پروگرام میں شرکت نا کرنے والوں کیلئے ڈویژنل لیول پر دوبارہ حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تو الحمد للہ ابھی تک 98 فیصد عازمینِ حج کی تربیت ہو چکی ہے ڈائریکٹر حج ملتان ریحان کھوکھر نے کہا کہ حج آپریشن کے دوسرے مرحلے میں ملتان حاجی کیمپ میں گردن توڑ بُخار، فلو اور پولیو کی حفاظتی ویکسین لگائی جارہی ہے اور کورونا کے بوسٹر ڈوز دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حج آپریشن کے آخری مرحلہ میں حجاج کی روانگی ہوتی ہے ، اس مرحلے کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔
حاجی کیمپ میں سکاؤٹ ہیڈ کوآرڈینیٹر اشفاق ڈوگر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 38 سکاؤٹ لیڈر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف پوائنٹ بنا ئے ہوئے ہیں جس کے تحت ہمارے سکاؤٹ کام سرانجام دے رہے ہیں۔
حاجی کیمپ میں خواتین حجاج نے کہا کہ حاجی کیمپ کا عملہ بڑے بھرپور طریقے سے ہمیں گائیڈ لائن دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر ہم وفاقی مذہبی امور طلحہ محمود کے مشکور ہیں ، جنہوں نے ہماری ہر طرح سے مدد کی ۔