ملک کی ترقی کے لئے خواتین کی شرکت ناگزیر ہے؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ثاقب ظفر

30

ملتان،09 مئی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے   کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے خواتین کی شرکت ناگزیر ہے، حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے جامع روڈ میپ پر عمل کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے پاکستان میں اقوام متحدہ کی ریذیڈنٹ کوآرڈنیٹر آفس کی نمائندہ لیلیٰ رباب جسکانی  سےملاقات  میں کیا۔ ملاقات میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے 29 مئی کو ملتان میں مشاورتی ورکشاپ  منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں میں سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے اور خواتین کو ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جینڈر پالیسی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیراہتمام ڈیپ ڈائیو کے عنوان سے منعقد کانفرنس کا اہم جزو تھی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ صنفی مساوات اور وومن ایمپاورمنٹ کے لئے قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

لیلیٰ رباب جسکانی نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیراہتمام ڈیپ ڈائیو کانفرنس کی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جینڈر پالیسی بارے ایکشن پلان ڈیپ ڈائیو کانفرنس کا اہم جزو ہے۔

دوسری جانب ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے مشاورتی ورکشاپ کامیاب بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جس میں ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل ہیلتھ کئیر سعدیہ مہر اور ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کمیٹی میں شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری عبدلصبور ٹھاکر اور سیکشن آفیسر محمد احمد خان ورکشاپ کو  کامیاب بنانے کے لئے مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔لیلیٰ رباب جسکانی نے  کمیٹی کےارکین سے بھی ملاقات کی۔ کمیٹی نے 29 مئی کو منعقد ہونیوالی مشاورتی ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل بھی ملاقات میں موجود تھے۔