میرپورخاص؛ گورنمنٹ بوائز سر سید ہائی اسکول میں سالانہ امتحانات کے نتیجے کی تقریب کا انعقاد  

17

 

میرپورخاص،18 مئی(اے پی پی): گورنمنٹ بوائز سر سید ہائی اسکول میں سالانہ امتحانات کے نتیجے کی تقریب کا انعقاد  کیاگیا۔تقریب میں ڈائریکٹر ہائر سیکنڈری اسکولز فیض علی جسکانی، ڈائریکٹر پرائمری اسکولز عبدالطیف مغل سمیت شعبہ تعلیم سے وابستہ افسران اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مقررین نے خطاب میں پوزیشن لینے اور پاس ہونے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سر سید اسکول کے ہیڈ ماسٹر انور ملک کو مبارک باد دیتے ہیں کہ انہوں نے پروقار تقریب کا انعقاد کیا ہے، ایک قابل استاد کی جھلک ہوتا ہے اسکا شاگرد اور یہاں آکر ان تمام طالب علموں میں وہ جھلک نظر آرہی ہے، امید ہے تعلیم کے میدان میں آپ تمام شاگرد اپنے اساتذہ کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کا نام بھی روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سرکاری اسکولوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے، لوڈ شیڈنگ سے جان چھڑانے کے لئے سولر سسٹم لگائے جا رہے ہیں، انشاء اللہ ہر اسکول میں چند ماہ میں نیا فرنیچر بھی مہیا کر دیا جائے گا  اور بہت جلد بوسیدہ حال عمارتوں والے اسکولوں کی مرمت کا آغاز کیا جائے گا، ہماری مسلسل کاوشوں سے میرپورخاص کے تعلیمی نظام میں روز بروز بہتری آتی جا رہی ہے سندھ حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

قبل ازیں آئے ہوئے مہمانوں کو سندھ کے روایتی تحفے اجرک سے نوازہ گیا جبکہ پورا سال محنت سے پڑھانے والے اساتذہ کو ہار پہنائے گئے اور یادگاری شیلڈ دی گئی۔ اختتام میں اسکول ہیڈ ماسٹر انور ملک نے تمام آنے والے مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔