نارووال ؛ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر دستیابی ہے ، ڈپٹی کمشنر

11

نارووال،18 مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرچوہدری محمداشرف نےکہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح اشیائے ضروریہ بالخصوص آٹا، چینی، دالیں اورسبزیاں مقررہ نرخوں پر با آسانی اور وافر مقدار میں دستیاب کرانا ہیں جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جمعرات کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرچوہدری محمداشرف نےکہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جارہی۔انہوں نےاس حوالے سےافسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے اور مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

ڈپٹی کمشنرچوہدری محمداشرف نے چینی سٹاکسٹ پر واضح کیا کہ وہ اپنا سٹاک انتظامیہ کو روزانہ کی بنیاد پر ڈکلیئر کروائیں۔انہوں  نےکہا کہ حکومتی ہدایت کی روشنی میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر متعلقہ محکموں کے افسران باقاعدگی سے چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کررہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی عدم دستیابی اور قلت سے بر وقت  نمٹا جا سکے۔