نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی چولستان میں ان کے مقبرے پر حاضری ، فاتحہ خوانی کی

23

بہاولپور،24 مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کے موقع پر چولستان میں ان کے مقبرے پر جا کر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے مقبرے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے بہاولپور میں فلاحی ریاست کی بہترین مثال قائم کی ،عدل و انصاف اور تعلیم و صحت کے نظام میں ریاست بہاولپور کے لوگوں  میں   نرم دلی اور مٹھاس پیدا کی ہے۔ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے اسلامیہ یونیورسٹی، صادق پبلک سکول، صادق ڈین ہائی سکول اور ان جیسے دیگر تعلیمی ادارے قائم کر کے علم دوستی کا ثبوت دیا۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کو آج یاد کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو سرکاری سطح پر خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ بحیثیت گورنر ریاست کا نمائندہ اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کے اعتراف میں آج یہاں حاضری دی ہے۔ پاکستان کو مضبوط رکھنے، اس کی سلامتی قائم رکھنے اور اسے ایٹمی طاقت بنانے کے لئے میاں نواز شریف کا کلیدی کردار ہے۔       افواج پاکستان نے اپنے خون کے نذرانے دے کر ملک کو محفوظ اور متحد رکھا ہوا ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے آج کی تقریب کا انعقاد کر کے ایک اچھی روایت قائم کی ہے۔ بہاول پور ڈویژن کے عباسی خاندان کے بھی شکرگزار ہیں کہ وہ اچھی روایات کو آگے بڑھانے میں معاون ہیں۔