نومئی تاریخ کا سیا ہ ترین دن تھا،جناح ہائوس پر حملہ کر کے بلوائیوں نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے؛ حافظ طاہر محمود اشرفی

33

لاہور،21مئی(اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جناح ہائوس ملکی عظمت کا نشان ہے ،اس پر حملہ کر کے بلوائیوں نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے، واقعہ میں ملوث مجرمان کو سرعام سزائیں دی جائیں، آرمی چیف اور فوجی قیادت کو صبرو تحمل پر سلام پیش کرتے ہیں،9مئی کا دن تاریخ کا سیا ہ ترین دن تھا،زلمے خلیل زاد اپنے وطن کا غدار ہے ،وہ ہمارے سپہ سالار پر بات کرتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  9 مئی کے واقعہ پر پاکستان علماء کونسل اور پوری قوم بھر پورمذمت کرتی ہے اور یہ ملکی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے پاکستان کو بنتے نہیں دیکھا، اس ملک کو بنانے میں ہمارے آبائو اجداد اور بزرگوں نے بڑی قربانیاں دیں اور اب دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے وہ کام کیا جو  ہمار ا دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔

 طاہر اشرفی نے کہا کہ جب جناح ہائوس میں توڑ پھوڑ اور آگ لگائی جا رہی تھی تو ظالموں نے یہاں پر موجود مسجد کو بھی نہیں بخشا وہاں بھی توڑ پھوڑ کی،اس کے علاوہ جی ایچ کیو اور دیگر تنصیبات پر حملے کئے اور کرنل شیر خان جس کی دہشت سے دشمن بھی لرز جاتا تھا ان کے مجسمے کو توڑ دیا، انہوں نے کہا کہ بلوائیوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ کس دین کے ماننے والے ہیں جنہوں نے اپنی عبادت گاہ کو بھی نہیں چھوڑایہ حملہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم ریاست ہے جس کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے ، دشمن کے عزائم ہمیشہ کی طرح خاک میں ملائیں گے۔

چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مطالبہ کرتی ہے کہ 9 مئی کو ہونیوالے واقعہ میں ملوث مجرمان کے خلاف جناح ہائوس میں عدالت لگائی جائے اور مجرمان کو یہاں پر سرعام سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والے کہاں گئے یہاں پر بھی سٹاف پر تشدد کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی مگر اب نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار خاموش کیوں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعہ پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اس واقعہ کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں اور اس میں ملوث افراد سے لاتعلقی کا اعلان کریں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ زلمے خلیل زاد ایک غدار ہے اس نے کبھی اپنے وطن افغانستان کے علاوہ کشمیری اور فلسطینی مظلوموں کیلئے آواز بلند نہیں کی اب وہ پاکستان کے سپہ سالار کے  خلاف بیان دے رہا ہے مگر ایسے غداروں کے بیانیے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ،ہمارا دین اورپاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے،جناح ہائوس اور دیگر تنصیبات پر حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف جلد از جلد آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پہلے ہی جی۔20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دیدیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ مصر، سعودی عرب، ترکیہ، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے نمائندے اس اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے کیونکہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگوں کو آزادی سے اپنی زندگی گزارنے کی اجازت ہے۔

 طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سلامتی سب سے مقدم ہے اور پوری قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے، اس موقع پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کی خواہش پر الیکشن کا انعقاد نہ کرانے پر ملکی تنصیبات پر حملہ ناقابل قبول ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کے سامنے سب کچھ لایا جائے اور جو چہرے اس واقعہ میں ملوث ہیں وہ عیاں کئے جائیں۔

 اس موقع پر جناح ہائوس میں موجود پاکستان علماء کونسل کے اراکین نے طاہر اشرفی کے ہمراہ جناح ہائوس کا دورہ کیا۔