لاہور، 5مئی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 15 واں اجلاس منعقدہوا، پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ای گورننس کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے تمام محکموں میں روایتی فائل سسٹم بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا اورپیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔محکموں کے لئے ای فائلنگ سسٹم اپنانے کے لئے 15مئی تک کی مدت نافذ العمل ہوگی۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی آرز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب کابینہ نے محکموں میں پیپر لیس سسٹم متعارف کرانے پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد اور چیئرمین پنجاب ا نفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔پنجاب کابینہ نے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے طلباو طالبات کے لئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان اورکشمیر کے ذہین طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا۔کابینہ نے پنجاب حکومت کے پاس موجود لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو دینے کی منظوری دی۔پنجاب کابینہ نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے رہائشی نوجوانوں کے لواحقین کے لئے 15لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور این جی او”تارے زمین پر“ ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی مشروط منظوری دی گئی۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور مفاہمتی یادداشت کاجائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 11 ویں، 12ویں، 13 ویں اور 14 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈڈویلپمنٹ کے دوسرے اور تیسرے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے پہلے اور دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے دوسرے، تیسرے اور چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











