نگران وزیراعلی محسن نقوی سے کمانڈر سنٹرل پنجاب پاکستان نیوی و کمانڈنٹ پاکستان نیوی و ار کالج کی ملاقات،عسکری تنصیبات و شہداء کی یادگاروں پر حملوں کی مذمت

10

لاہور،26مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے کمانڈر سنٹرل پنجاب پاکستان نیوی و کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے جمعہ کو یہاں  وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں 9 مئی کو عسکری تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملوں کی مذمت  وشہداء اور ان کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

 محسن نقوی نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں،آرمی اور ایئرفورس کی طرح پاکستان نیوی نے بھی ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے،وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع میں پاکستان نیوی کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔