نگران وزیراعلی محسن نقوی سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی اور لودھراں کے وفودکی ملاقات

24

لاہور،23مئی  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلی آفس میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی و لودھراں کے وفودنے ملاقات کی۔بار ایسوسی ایشنزکے عہدیداروں نے وکلا برادری کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔محسن نقوی نے وکلا برادری کے مسائل اور ضروریات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملتان میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں نشستوں اور ائیر کنڈیشن سسٹم کے لئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کاحکم دیااورملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیڈیز بار روم کی توسیع او رڈے کیئر سنٹر کے قیام کیلئے پلان طلب کر لیا ۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو روم کی تعمیر و توسیع کی جائے گی اورملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سکیورٹی ایشوز کو حل کیا جائے گا۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے بار ایسوسی ایشن میں بکس کی فراہمی اورغیر ملکی لا / لائبریریوں کے سبسکرپشن کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا-محسن نقوی نے لودھراں اوروہاڑی بار ایسوسی ایشنز کی چار دیواری، ٹف ٹائلز کا کام ترجیحا مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ وکلا کالونی کے امور کاجائزہ لینے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔

نگران وزیر اعلی نے بار ایسوسی ایشنز کی لائبریریو ں اور دیگر امور کیلئے مالی معاونت کی بھی منظوری دی اور وہاڑی بارایسوسی ایشن میں فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کیلئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کا حکم دیا- محسن نقوی نے کہا کہ وکلا برادری کیلئے تعلیم و صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔میرے دروازے آپ کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں اوروکلا کے اجتماعی مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد میں صدر رانا آصف سعید،جنرل سیکرٹری مہرحسیب قادر، نائب صدر رابعہ منال، لائبریری سیکرٹری مہرالنسا، ملک الیاس لنگڑیال، رانا عمیق رحمن، طارق مصطفی، میمونہ نقوی، سارہ سیموئیل، نگینہ مظفر، شہزاد سیال، ملک یوسف آرائیں، سید عمران کاظمی، جاوید سیال، ساجدمیرانی، رانا عمران، فرزانہ کوثر اورمبشر شاہد شامل تھے جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لودھراں کے وفد میں صدر محمد کامران خان،جنرل سیکرٹری اعجاز سعید سہو، تیمور اکبر، افتخار احمد، ملک حنیف امجد خان اور واجد جہانگیر جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کے وفد میں صدر مہر لیاقت علی،جنرل سیکرٹری نثار جٹ، طاہر قیوم اعوان، طیب کمبوہ، رائے جعفر کھرل، لیاقت کلیم،عاصم جان،ملک حمید اورمظفر بلوچ شامل تھے،سیکرٹری قانون بھی اس موقع پر موجود تھے۔