لاہور،22مئی (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پیر کے روز مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور مزار پر حاضری دی۔انہوں نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی نےزائرین کیلئے سہولیات بہتر بنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے توسیعی منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا اورصوبائی سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبے پر دن رات کام جاری رکھا جائے اور محرم الحرام سے قبل تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہو ں نے زائرین کے لئے آمدورفت کے راستے کو بھی کشادہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے زائرین کو بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلال افضل،سیکرٹری اوقاف،معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔