وزیراعظم شہباز شریف سے بیلا روس کے وزیر خارجہ کی ملاقات،سائنس ، ٹیکنالوجی ، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

2

اسلام آباد۔31مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد  شہباز شریف نے  بیلاروس کے ساتھ اقتصادی، زرعی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار اور کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بدھ کو لاہور میں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک  سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے  بیلاروس کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا ۔وزیر خارجہ ایلینک نے وزیر اعظم کو صدر لوکاشینکو کا تہنیتی پیغام پہنچایا جس میں کہا گیا کہ بیلاروس پاکستان کو خطے کا ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں  سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے مسلسل اعلیٰ سطحی وفود کے  تبادلوں اور دیگر سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے بیلاروس کے صدر کو  جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔