وطن کی عزت اورقوم کی جان ومال کی حفاظت کرنے والے شہداء کا خون ہر پاکستانی پر قرض ہے؛ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی

6

پشاور،25 مئی(اے پی پی): یوم تکریم شہداء پاکستان پر گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے  اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن کی عزت اورقوم کی جان ومال کی حفاظت کرنے والے شہداء کا خون ہر پاکستانی پر قرض ہے۔انہوں  نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں اور ان کے خاندان کی عزت واحترام رہتی دنیا تک ہرپاکستانی کے دل میں ہونی چاہئے۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ ہمیں وطن عزیز کیلئے جان دینے والے شہداء کا قرض اتارنے کیلئے ہر موقع پر خراج تحسین پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی تاریخ کو زندہ رکھنے اور یادگاروں کی حفاظت کرنی ہوگی۔ اللہ تعالی ہماری افواج پاکستان کے جذبہ شہادت کو تروتازہ رکھیں اور ان کی حفاظت کریں۔

حاجی غلام علی نے اپنے پیغام میں ملک دشمن عناصر کی مذموم حرکات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر نے 9 مئی کو جو کچھ کیا وہ ہر پاکستانی کیلئے ایک سبق ہے، تمام پاکستانیوں کو متحد ہوکر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو پروان چڑھانے والے ملک اورقوم کے دشمن ہیں۔