وفاقی وزیر سینیٹر محمد طلحہ کا سعودی عرب سے ‘روڈ ٹو مکہ’ پروجیکٹ کے  ارکان کے اعزاز میں استقبالیہ

5

اسلام آباد،21مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر محمد طلحہ محمود نے  گزشتہ رات اپنے فارم ہاؤس میں سعودی عرب سے ‘روڈ ٹو مکہ’ پروجیکٹ کے  ارکان کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ دیا۔

اس موقع پراجتماع سےخطاب میں وفاقی وزیر نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قوم کے لیے سعودی عوام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں  نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور غیر معمولی تعلقات پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر طلحہ  محمودنے نے سیاست، سلامتی اور اقتصادیات کے شعبوں میں مثبت تعلقات کی ان کی دیرینہ تاریخ کو تسلیم کیا۔انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے لیے معاون بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے، جب بھی ضرورت پڑی امداد اور وسائل فراہم کیے ہیں۔

سینیٹر محمد طلحہ محمود نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو برقرار رکھنے میں ان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب کو اسلامی اقدار اور مقدسات کے مرکز کے طور پر پاکستانی قوم کی بے پناہ محبت اور عقیدت کو اجاگر کرتے ہوئے اس سال پاکستانی عازمین کے لیے بہترین حج انتظامات فراہم کرنے کی سعودی حکومت کی صلاحیت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو سعودی عرب سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور امید ہے کہ اس مقدس سفر میں انہیں ان کی توقعات سے بڑھ کر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دستیاب موثر سہولت کو آنے والے سال میں لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر ہوائی اڈوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ‘روڈ ٹو مکہ’ منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے شروع کیا گیا ایک  اہم اقدام ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد سات ممالک کے عازمین حج کو آسانی اور راحت فراہم کرنا ہے اور سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اس کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔

پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں پاکستان دنیا کے ممالک کی سربراہی کرے گا۔

تقریب کے اختتام  پر وفاقی وزیر نے معزز مہمانوں سے تحائف کا تبادلہ کیا۔استقبالیہ  میں  سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے علاوہ ایران، افغانستان، ملائیشیا، فلسطین اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔