اسلام آباد،09 مئی (اے پی پی ):وفاقی وزیر مذہبی امور و سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود سے سربراہ ایرانی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن ڈاکٹر وحید جلال زادہ کی قیادت میں ایرانی پارلیمانی وفد نے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں پاک ایران تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے مہمانوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر وحید جلال زادہ نے وفاقی وزیر کو وزارت مذہبی امور کے قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مفتی عبدالشکور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاک ایران دوستی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور ایرانی زائرین کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ملاقات میں کہا گیا کہ پاک ایران تجارت خطے کی خوشحالی کی ضامن ہے، ہمیں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہوگا،ہمیں خطے کی ترقی کی خاطر باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
ملاقات میں ایرانی وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی ۔