کراچی، 09 مئی (اے پی پی): ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ ٹی ڈی اے پی افریقی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔
منگل کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایگزیکٹو ٹیم کے ساتھ پاکستان-ایتھوپیا بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے افریقہ میں سنگل کنٹری نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال پاکستان افریقہ میں 30 سے زائد نمائشوں اور کانفرنسوں میں شرکت کرے گا۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی کافی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو متعارف کروا کر دونوں ممالک کے درمیان بڑے پیمانے پر تجارت کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے ایتھوپیا کی حکومت کو ایتھوپین ایئر لائن کے کراچی کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور میسگانو آرگا نے ملاقات کو ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک غیر معمولی تقریب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی ایئر لائن کے کراچی کے لیے فلائٹ آپریشنز کا آغاز ایتھوپیا کے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے عزم کی سطح کو ظاہر کرتا ہے۔