ملتان، 09 مئی (اے پی پی ): گورنرپنجاب بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ادوار حکومت میں اعلیٰ تعلیم پرخصوصی توجہ دی جاتی ہے ،پاکستان کی پہلی خواتین یونیورسٹی فاطمہ جناح یونیورسٹی بھی نواز شریف نے بنائی تھی ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے میاں نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرایم ایس کی 15اورایم ایس سی اوربی ایس سی انجینئرنگ کی 790ڈگریاں ایوارڈکی گئیں ۔گورنرنے 38طلبہ وطالبات کو گولڈمیڈلز پہنائے ۔
اس موقع پر گورنرپنجاب بلیغ الرحمن نے کہاکہ ہمارے نوجوان ہمارااثاثہ ہیں اورملکی تعمیر وترقی میں ان کاکرداراہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے بہت کم وقت میں ترقی کی یونیورسٹی اسی سال اپنے نئے کیمپس میں منتقل ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں تعلیم کے ساتھ تحقیق کو بھی فروغ دیناہے ۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی وفاقی وزارت کے دورمیں ایچ ای سی کے فنڈزایک سوبیس ارب روپے تک پہنچادیئے تھے ۔
گورنرپنجاب نے کہاکہ تمام یونیورسٹیوں بالخصوص انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی یونیورسٹیوں کو سولر سے چلنے والے منصوبے تیارکرنے کی ہدایت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نے سولر بائیسکل تیارکرکے اہم کارنامہ انجام دیاہے اسے فروغ دینے کے لئے اقدامات کریں گے ۔
گورنرنے کہاکہ ہمیں تحمل اوربردباری سے دوسروں کی رائے کااحترام کرناچاہے ،اگرکوئی اتفاق نہیں کرتاتواسے برداشت کریں بدقسمتی سے ایک رانگ نمبرنے ہمارے معاشرے میں نفرتیں بڑھادی ہیں نہ تجربہ کارشخص کو توکوئی ڈرائیوررکھنابھی پسند نہیں کرتا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے تین سالہ دورمیں پاکستان کو معاشی طورپرنقصان پہنچایاگیا،کرپشن ایک ناسور ہے ہمیں اس سے بچنا چائیے۔