پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، ہم نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھا ہے۔ احسان الرحمان مزاری

13

لاہور، 5مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپین شپ کا افتتاح کر دیا، چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب جمعہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔  ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ برج  چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، فلسطین، سعودی عرب، اردن سمیت عرب امارات کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے تمام ٹیموں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، ہم نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور یہاں کھیلوں کیلئے فضا سازگار ہے، بھارت سمیت سات ملکوں کی ٹیموں کی شرکت اس بات کا منہ بولتاثبوت ہے۔ وفاقی وزیر نے چمپیئن شپ کے انعقاد پرمبشرلقمان اور بورڈ ممبران کو مبارکباد بھی دی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرگنائزنگ کمیٹی پاکستان برج فیڈریشن مبشر لقمان نے کہاکہ چیمپئن شپ کا انعقاد کروانے کیلئے دن رات محنت کی ہے ،ہم نے تمام ممالک کی حکومتوں سے بات چیت کی ،بھارت نے پہلے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا،  بہت محنت کے بعد یہ میلا سجانے میں کامیاب ہوئے  ہیں،۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں کوئی مذہب، ذات، پات نہیں ہوتی،تمام ٹیموں کی شرکت سے ہی مڈل ایسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد ممکن ہوا ، انہوں نے تمام ٹیموں کیلے نیک خواہشات کا اظہار کرتے انہیں تاریخی شہر لاہور میں خوش آمدید کہا ،  انہوں نے کہا کہ لاہور کی محبت کا کوئی جوڑ نہیں ،لاہور کی محبت کو کسی دوسرے شہر سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔کھیل کے میدان میں بہترین کھلاڑی ہی اپنا مقام پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان تیسری بار برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے،  پاکستان تیسری بار برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے۔پاکستان برج فیڈریشن کے زیر اہتمام 5 مئی سے 13 مئی تک لاہور میں مقابلے ہوں گے۔ تقریب میں کملا عالمگیر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔