پشاور،22مئی(اے پی پی):ایٹا اور نادرا ای سہولت کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں ،معاہدے کے تحت ایٹا کے زیر اہتمام منعقدہونے والے امتحانات میں حاضر ہونے والے تمام امیدواران کے لئے نادرا کے ای سہولت مراکز سے بائیو میٹرک تصدیق کروانا لازمی ہوگا۔ اس تصدیقی عمل سے گزرنے کے باعث ایٹا کے امتحانات میں کسی بھی مشکوک فرد کا داخلہ ممکن نہیں رہے گا۔
معاہدے کے مطابق ٹیسٹ مراکز میں بھی کسی بھی مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق ممکن ہوسکے گی۔ اس مقصد کے لئے نادرا پورے پاکستان میں امتحانی مراکز پر ایٹا حکام کو کارپوریٹ آئی ڈیز فراہم کرے گا جن کے ذریعے سے بائیو میٹرک ڈیوائس استعمال کرتے ہوئے موقع پر ہی تصدیق عمل مکمل کیا جائے گا۔تصدیقی عمل میں نادرا کی شمولیت سے جعلسازوں امیدواران کا ایٹا کے امتحانات میں شامل ہونا ممکن نہیں رہے گا۔اس تصدیقی عمل کے باعث بلیک لسٹ امیدواران کا شناخت تبدیل کرکے ایٹا ٹیسٹ میں حاضر ہونے کا بھی مکمل سد باب ہو جائے گا اور کسی دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دینے کے ممکنات بھی ختم ہوجائیں گے۔
ایٹا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد امتیاز ایوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حقدار امیدواران کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور کسی بھی قسم کے جعلساز امیدوار کا راستہ روکنے کے لئے ایٹا ہر ممکن قدم اٹھائے گی تاکہ ایٹا کے تحت منعقد ہونے والے امتحانات میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت ان 10 لاکھ سے زائد افراد کی پروفائلز کی بھی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی جو پہلے سے ایٹا کے سسٹم میں موجود ہیں جبکہ ہر نیا امیدوار اپنی پروفائل کی تصدیق ملک بھر میں ای سہولت آئوٹ لیٹس پر بائیومیٹرک کے ذریعے کروانے کے بعد ایٹا کے امتحان میں بیٹھ سکے گا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں ایٹا امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر مصنوعی ذہانت کے حامل کیمرے نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ امیدوار کی حاضری و تصدیق کا عمل خودکار طریقے سے سنٹر میں داخلے کے وقت ہی ہو جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امیدوار پورے ملک میں موجود کسی بھی ای سہولت آئوٹ لیٹس پرنا صرف تصدیقی عمل مکمل کر سکے گا بلکہ ٹیسٹ کے لیے فیس بھی جمع کراوا سکے گا۔