پشین؛ موبائل میڈیکل کیمپ و لیب  اور فری ڈسپنسری کا انعقاد

20

پشین، 21  مئی  ( اے پی پی ):  میونسپل کارپوریشن پشین کے سبزہ زار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سلطان موسیٰ خیل نے ایک روزہ موبائل میڈیکل کیمپ و لیب اور فری ڈسپنسری کا انعقاد کیا، موبائل ہسپتال و میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مرد وخواتین مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیااور ادویات دی گئیں۔

منعقدہ میڈیکل کیمپ میں ماہر و تجربہ کار ڈاکٹرز کی نگرانی میں سی بی سی، کولیسٹرول، شوگر، ہپا ٹائٹس بی سی، یورک ایسڈ، بلڈ گروپنگ سمیت مریضوں کے مفت ٹیسٹ کئے گئے اور مریضوں کو ادویات تجویز کی گئیں۔

اس موقع پر  ڈی ایچ او ڈاکٹر سلطان موسی خیل اور چیئرمین نجیب ترین نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد لوگوں کو صحت کی نگہداشت اور صحت کے حوالے سے معلومات مہیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے،دین اسلام نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی بنیادی ضروریات میں صحت، تعلیم ، لباس اور قیام شامل ہیں مگر بہت سے لوگ ان سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے کام آنا اچھے معاشرے کی تشکیل کا نقطہ آغاز ہوتا ہے۔

 میونسپل کارپوریشن کے میئر سرادر اکبر ترین اور کونسلروں نے محکمہ صحت کے موبائل ہسپتال اور فری میڈیکل کو سراہتے ہوئے اسے بہترین انسانی خدمت قرار دیا۔