پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف عملی قدم،بلدیہ شکایات ایپ تیار کر لی گئی

61

لاہور،12 مئی (اے پی پی):پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کی طرف عملی قدم،بلدیہ شکایات ایپ کے نام سے موبائل ایپ تیار کر لی گئی ۔

نگراں وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے 16شہروں میں عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے موبائل فون ایپ تیار کر لی گئی  ہے ۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت بنائی جانے والی اس ایپ کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھانے کا جائزہ لیا جائے ،بلدیہ شکایات ایپ کے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے موثر مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کے لئے بلدیہ شکایات ایپ سمیت ڈیجیٹل گورننس کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

نگراں وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد کو پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے جنرل مینیجر محمود مسعود تمنا نے موبائل ایپ کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ بلدیہ شکایت کے نام سے بنائی جانے والی ایپ ڈسکہ، حافظ آباد، جہلم، کامونکی، مر یدکے، وزیرآباد، گوجرہ، جڑانوالہ، جھنگ، کمالیہ، اوکاڑہ، بہاولپور، بورے والا، خانیوال، کوٹ ادو اور وہاڑی میں کام کر رہی ہے، متعلقہ بلدیہ اہلکار شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہیں جس کی اطلاع شکایت کرنے والے شہری کوایس ایم ایس کے ذریعے کر دی جاتی ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہری آڈیو میسج کے ذریعے بھی اس ایپ پر اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ایپ کے بارے میں شہریوں کو آگاہی دینے کے لئے خصوصی اینی میٹڈ ویڈیو بھی تیار کی گئی ہے۔