چنیوٹ،26 مئی (اے پی پی ):پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ چنیوٹ نے سیلاب جیسی آفت سے نبرد آزما ہونے کیلئے دریائے چناب ٹی ڈی سی پی پوائنٹ پر پری فلڈ موک ایکسرسائزکا انعقاد کیا گیا،ان مشقوں کا مقصد سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے، ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے، فلڈ آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو چیک کرنے اور اداروں کے درمیان روابط کو بہتر کرنا تھا۔ ان فرضی مشقوں میں پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ،محکمہ صحت، محکمہ ایجوکیشن، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ سول ڈیفنس اور محکمہ سوشل ویلفیئر نے حصہ لیا۔
اے ڈی سی آر الطاف حسین انصاری نے انسیڈنٹ کمانڈر پوسٹ، ریسکیو ڈیزاسٹر کیمپ ،میڈیکل کیمپ سمیت دیگر کیمپوں کا معائنہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا جائزہ لیا.
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان و دیگر اداروں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے. ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے ،سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے، کشتی رانی ،میڈیکل ڈیمو کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ریسکیو 1122 چنیوٹ کی طرف سے لگائے جانے والے کیمپس میں رجسٹریشن پوائنٹ، میڈیکل کیمپ، انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور سیلاب میں استعمال ہونے والے سازوسامان شامل ہیں اور محکمہ ہیلتھ، ایجوکیشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں کی جانب سے ریلیف کیمپس لگائے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مکمل بریفنگ دی ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایات پر اب تک 147 یو سیز میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کو تربیت دی گئی ہے جو کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے پہلے لوگوں کو مدد فراہم کر سکتے ہیں ان فرضی مشقوں کا مقصد ریسکیو 1122 کی تیاری حالت کو جانچنا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے فلڈ سیزن 2023 کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو الطاف حسین انصاری نے کہا کہ انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کامیاب فرضی مشقیں کرنے پر تمام ریسکیو آفیسرز، ریسکیور اہلکاروں اور ریسکیو محافظ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔