کوئٹہ؛پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے  ریلی کا انعقاد

12

کوئٹہ،24مئی(اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج کی قیادت میں بدھ کو بلوچستان میں آباد اقلیتوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے  ریلی نکالی گئی، “ہماری پہچان مضبوط پاکستان” کے عنوان سے ائیر پورٹ روڈ سے نکالی  گئی۔  ریلی کے شرکاء نے عسکری چیک پوسٹ پر تعینات پاک فوج کے اہلکاروں پر پھول نچھاور کئے اورانہیں پھول پیش کئے ، اسکے بعد ریلی سمنگلی روڈ،زرغون روڈ سے ہوتی ہوئی سرینا چوک پہنچی ، ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم، بینز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر پاک فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی میں مسیحی،ہندو، پارسی،سکھ،بالمیک اقلیتوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کا سرمایہ اور فخر ہے،سرحدوں کی حفاظت پر مامور فوجی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جنکی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں ،پاک آرمی پاکستان کی محافظ ہے ،عسکری و قومی تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی بھی طرح ملک اورقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب ہو یازلزلہ پاک فوج عوام کی حفاظت اور مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ،پاک فوج پرتنقید کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

خلیل جارج نے کہا کہ بلوچستان میں آباد اقلیتوں کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج کے جوانوں سے اظہار یکجہتی اورانہیں یہ باور کرانا ہے کہ ملک اور خاص کر بلوچستان میں آباد اقلیتیں کسی بھی مشکل کی گھڑی میں اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سدا سربلند رہا ہے اورآئندہ بھی سربلند رہے گا ،پاکستان میں آباداقلتیں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرتی رہیں گی۔

خلیل جارج نے کہا کہ بلوچستان میں آباداقلیتوں کی طرف سے 25مئی یوم تکریم شہدا بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ،اقلیتی عبادت گاہوں میں ملک کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا جائے گا اور شام کو اقلیتوں کی جانب سے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔