لاہور، 26 مئی (اے پی پی): گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن اور نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں نیورو انجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کر دیا ہے ۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے نیورو انجیو گرافی کے عمل کا جائزہ لیا۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں اس حوالہ سے تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر خالد محمود نے مہمانان خصوصی کو ادارہ میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کیلئے ایک تاریخی دن ہے،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز دماغی علاج کے حوالہ سے پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیورو انجیو گرافی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح بارش کا پہلا قطرہ ہے،نیورو انجیو گرافی کی مشین سے زیادہ سے زیادہ عام آدمی کو فائدہ دینا چاہتے ہیں، ہمیں عوام کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے طب کی دنیا میں جدید ریسرچ پر خاص توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چالیس سال عمر تک ہر کوئی بلڈ پریشر کا مریض بن رہا ہےبطور وزیر حلف لینے کے بعد اگلے ہی دن محکمہ صحت میں اجلاس بلالیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں پنجاب میں ابھی تک پانچ ہزار سے زائد مریضوں کی پرائمری انجیو پلاسٹی کرچکے ہیں۔ پنجاب میں ڈرپ اینڈ شفٹ کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں اچھا کام دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے،ڈاکٹرز ہمارے معاشرے میں بطور مسیحا اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔بیرون ممالک میں پڑھنے والے پاکستانیوں میں ہمیشہ اپنے وطن کی خدمت کرنے کا جذبہ پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور مسلمان ہمیں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے،ہم حقائق سے برعکس سنی سنائی باتوں پر یقین کرنا شروع ہو گئے ہیں، ہمیں اچھی زندگی گزارنے کیلئے ہمیشہ دوسروں کی اچھائیوں کو بیان کرنا چاہیئے،اللہ تعالیٰ کی ذات کے علاوہ کوئی مکمل نہیں ہے،آج پاکستان بہت بڑے بحران سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔
محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہمیشہ صحت کے شعبہ کو اپنے دل کے قریب رکھا،ملک میں ایک جانب تعمیری اور دوسری جانب تخریبی سیاست ہو رہی ہے،آج ہم نے صحیح اور غلط میں فرق کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں شہداء کا بڑا مقام ہے،9 مئی کا دن شرمندگی کا سامنا کرنے کا دن تھا۔
اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب ووہرا، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر قاسم بشیر، پروفیسر مدثر، ڈاکٹرز اور نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔