پشاور،22 مئی(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگران صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکاٹیکس حاجی منظور آفریدی نے آج ضم ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا۔گورنر نے اس موقع پر تحصیل چوک باڑہ تا پشتخرہ 47کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 7 کلومیٹر طویل، 48 فٹ چوڑا دو رویہ سڑک کی تعمیر کا افتتاح کیا۔افتتاح کے بعد گورنر وہاں پر ہزاروں کی تعداد میں موجود عوام میں بھی گھل مل گئے۔ گورنر نے دورہ کے دوران محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے منشیات کی روک تھام اور نشہ کی لعنت سے بچنے کے حوالے سے منعقدہ آگہی واک میں بھی شرکت کی۔واک میں صوبائی وزیر منظور آفریدی سمیت نگران کابینہ کے دیگر اراکین، بلدیاتی نمانئدوں، ملکان ومشران اور نوجوانان نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
تحصیل چوک باڑہ تا پشتخرہ 7 کلومیٹر طویل دورویہ روڈ کی تعمیر کے افتتاح کے بعد گورنر عالم گودر بھی گئے اور نگران صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکاٹیکس منظور خان آفریدی کی رہائش گاہ پر بڑے قبائلی اجتماع سے خطاب کیا۔اجتماع سے صوبائی وزیرمنظور آفریدی، میئر پشاور حاجی زبیرعلی،قبائلی ملک محمدشاہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں ضلع خیبر کے بلدیاتی نمائندے، ملکان و مشران، عمائدین اور بڑی تعداد میں نوجوان شریک تھے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے عمائدین اور عوام علاقہ کا شاندار استقبال اور عزت افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج نگران صوبائی وزراء کے ہمراہ تحصیل باڑہ آنے کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کاخاتمہ تھا تاکہ صحت، تعلیم، مواصلات اوردیگر شعبوں میں درپیش مسائل کا نہ صرف خاتمہ کیاجاسکے بلکہ آئندہ صوبائی بجٹ میں نگران وزیراعلی محمداعظم خان، صوبائی وزراء کے ساتھ ملکر نہ صرف ضم اضلاع بلکہ پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی طور پر فنڈ مختص کیے جاسکے۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، نگران صوبائی وزیراعلی محمداعظم خان اورصوبائی کابینہ اراکین کی بھی خواہش ہے کہ ضم اضلاع سمیت صوبے بھر کی تعمیر وترقی، انفراسٹرکچر کی بحالی پر نہ صرف خصوصی توجہ دی جائے بلکہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل خطیر رقم بھی مختص کی جائے۔
گورنر نے اس موقع پر نگران صوبائی وزیر منظور آفریدی، میئر پشاور حاجی زبیرعلی سمیت دیگر صوبائی وزراء اور سرکاری حکام کو شیلڈز بھی پیش کیے۔