گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کا سنٹرل جیل پشاور کا دورہ

10

پشاور، 24مئی(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے بدھ کو سنٹرل جیل پشاور کے دورے کے موقع پر سنٹرل جیل میں قیدیوں کی سہولت کیلئے سولر ٹیوب ویلز لگانے اور دیگر ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنیکا اعلان  کیا۔سنٹرل جیل پہنچے پر گورنر کو سلامی پیش کی گئی، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان مسعود، سپرنٹنڈنٹ جیل مقصود الرحمان نے استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے گورنر اور نگران وزراء کو جیل میں قیدیوں کی تعداد و کیفیت جرم، دستیاب وسائل، سیکورٹی نظام اور جیل عملہ کی تعداد و خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 گورنر کو بریفنگ میں قیدیوں کیلئے جیل میں موجود اسکلڈ ڈیویلپمنٹ سنٹر، منشیات کے عادی قیدیوں  کیلئے بحالی سنٹر، علاج معالجہ کی سہولیات، خواتین قیدیوں کیلئے ڈینٹل چئیر سے متعلق بھی تفصیلات بتائی گئیں۔گورنر غلام علی کو پشاور سنٹرل جیل میں میڈیکل اشیاء کی قلت، جیمبرز کی تنصیب، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب، کانفرنس روم و کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام، روڈ کی تعمیر اور مینٹل ہسپتال کی منتقلی کے مطالبات بھی پیش کئے گئے، جس پر گورنر نے سنٹرل جیل میں قیدیوں کی سہولت کیلئے سولر ٹیوب ویلز لگانے، روڈ کی تعمیر کرنیکا اعلان کیا جبکہ قیدیوں کو سخت گرمی سے محفوظ رکھنے اور پر فضا ماحول کیلئے جیل میں 3000 سایہ دار پودے فراہم کرنیکا بھی اعلان کیا اور جیل انتظامیہ کو جیل میں خالی اراضی پر سبزہ زار بنانے کی بھی ہدایت کی۔

 گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ پشاور سنٹرل جیل کی مجموعی حالت میں کافی فرق نظر آیا ہے، جبکہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ہمارے اوپر انکا حق بنتا ہے۔حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ  آئینی منصب سنبھالنے سے پہلے بھی سنٹرل جیل کا دورہ کیا اور جیل میں مسجد کی تعمیر کے ساتھ مشکلات و مسائل کو حل کیا۔انہوں نے مشکلات و مسائل کے خاتمہ کیلئے آئینی ذمہ داریاں انجام دیتے رہنے کے عزم کا بھی  اظہار کیا۔