لاہور، مئی 5 (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں گورنرز نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی مذمت کی ۔ گورنر گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحوں کی جنت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ گلگت بلتستان کو سیاحتی اعتبار سے مزید ترقی دے کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ حکومت کو گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے زیادہ اقدامات کرنے چاہیئیں۔ گورنر پنجاب نے گورنر گلگت بلتستان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان خصوصاً سکردو کے لوگ امن پسند ہیں ۔ یہ بات قابل ستائش ہے کہ گلگت بلتستان میں جرائم تقریبا ناپید ہیں جو باقی پاکستانیوں کے لیے رول ماڈل ہے ۔ گورنر پنجاب نے گلگت بلتستان کے طلبہ کو گورنر ہاؤس لاہور کا مطالعاتی دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔