اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ؛وزیراعظم محمد شہباز شریف

9

اسلام آباد،20جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی اور فرض کی ادائیگی کیلئے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، پولیس لائنز میں ہسپتال کی تعمیر سے پولیس کے جوانوں اور ان کے خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی، شہداء کالج کی تعمیر سے پولیس جوانوں کے بچوں کو بے پناہ فائدہ ہو گا، پولیس اہلکاروں کیلئے لاء اینڈ آرڈر الائونس پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع ہو گا، ڈولفن پولیس کے قیام کیلئے جامع پروگرام وضع کیا جائے گا اور ترکیہ کے تعاون سے تربیت فراہم کی جائے گی، سفارش، رشوت اور برادری ازم سے ملک کا بے پناہ نقصان ہوا، ہمارا معیار قابلیت اور میرٹ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پولیس لائنز میں 100 بستروں کے ہسپتال، شہداء ماڈل کالج اور ایس پی یو اینڈ ڈولفن ہیڈکوارٹرز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے گذشتہ ایک سال میں کارکردگی، ذمہ داری اور فرض کی ادائیگی قوم کی امنگوں کے مطابق نبھائی، قوم کو فخر ہے کہ انہوں نے عوام کی حفاظت کیلئے بھرپور کردار ادا کیا اور کسی خوف کو خاطر میں نہیں لائے، پولیس کے جوان شہید اور زخمی ہوئے لیکن اپنے فرض میں کوتاہی نہیں کی جس کو سراہتا ہوں، آئی جی پولیس بہادر فورس کی سربراہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 100 بستروں پر مشتمل نیشنل پولیس ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا ہے، اس طرح کے ہسپتال ملک بھر میں پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے علاج معالجہ کیلئے بننے چاہئیں، یہ جوان اپنے خون سے ہم سب کی حفاظت کرتے ہیں، ہمارا  فرض ہے کہ ان کی اور ان کے خاندانوں کے علاج معالجہ کی ذمہ داری پوری کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس ہسپتال کی جلد از جلد تعمیر کا خواہاں ہوں، اس ہسپتال کی تعمیر سے پولیس جوانوں اور ان کے خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو توقع ہے کہ ملک بالخصوص اسلام آباد میں چوروں، ڈکیتوں اور قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور کسی چیز کی پرواہ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے اﷲ کو راضی کرنے کیلئے اپنے فرائض کی ادائیگی بھرپور طریقہ سے ادا کریں گے، ڈولفن کے قیام کا منصوبہ فوری تیار کیا جائے، اسلام آباد کی ڈولفن فورس ترکیہ کے تعاون سے قائم کریں گے، یہ ڈولفن فورس پورے ملک کیلئے ماڈل ہو گی، ڈولفن فورس کے جوانوں کو تربیت کیلئے ترکیہ بھجوایا جائے گا اور ترکیہ کے انسٹرکٹر کو تربیت کیلئے بلایا جائے گا، اس حوالہ سے جامع پروگرام وضع کیا جائے گا، وزیر داخلہ اس کا فی الفور منصوبہ تیار کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کالج کی تعمیر سے پولیس جوانوں کے بچوں کو بے پناہ فائدہ ہو گا، پولیس اہلکاروں کی سہولت کیلئے وزیر داخلہ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، شہداء کے ورثا کو واجبات کی ادائیگی سمیت دیگر اقدامات ہمارا فرض تھا، لاء اینڈ آرڈر الائونس پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع ہو گا، اس پر وزیر خزانہ سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جوان مایہ ناز قوم کے محافظ ہیں، اپنے فرض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے، کوئی رخنہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، مشکل صورتحال کے باوجود بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں 2 ہزار نوجوانوں کی میرٹ پر بھرتی خوش آئند ہے، تمام شعبوں میں میرٹ اور قابلیت پر بھرتیاں ہونی چاہئیں پھر اس قوم کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، سفارش، رشوت اور برادری ازم سے ملک کا بے پناہ نقصان ہوا، ہمارا معیار قابلیت اور میرٹ ہے، اسی سے قومیں بنتی ہیں، اس سے پاکستان کا نام روشن ہو گا اور پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا۔

 اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس لائنز میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال، شہداء ماڈل کالج اور ایس پی یو اینڈ ڈولفن فورس ہیڈکوارٹرز کا سنگ بنیاد رکھا۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیس لائنز میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر اکبر درانی نے وزیراعظم کو پولیس شہداء اور ان کے قربانیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

تقریب سے وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ اور آئی جی اسلام آباد ناصر اکبر درانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔