کوئٹہ،20جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ کا خسارہ گزشتہ مالی سال سےکم ہے ، بجٹ میں عوام کو بنیادی سہولیات اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سول سیکرٹریٹ میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ اور سیکرٹری محکمہ خزانہ قمبر دشتی بھی موجود تھے ۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان میں آئندہ مالی سال کے لئے مجموعی طور پر 750 ارب روپے کا بجٹ تجویز گیا ہے جس میں غیر ترقیاتی اخراجات 437 ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ 229.31 ارب روپے ہے جبکہ بجٹ خسارہ 49 ارب روپے ہے جو گزشتہ مالی سال کے دوران 73 ارب روپے تھا ۔ بجٹ میں عوام کو بنیادی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے ۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کا ترقیاتی بجٹ مختلف محکموں کی تجویز پر عوامی ضروریات کے منصوبوں کے لئے تشکیل دیا گیا ہے اور اس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی رہنمائی حاصل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ کالونی کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاہم مختص اراضی سے متعلق عدالت میں کچھ امور زیر سماعت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا بجٹ عوامی خواہشات کا آئینہ دار ہے اور اس سے آنے والی حکومت کے لئے کوئی مشکل نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کا عمل مواصلات کے بہتر ڈھانچے سے وابستہ ہے اس لیے صوبائی بجٹ میں مواصلات و تعمیرات کے لئے غیر معمولی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔











