اوکاڑہ،26جون(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کارروائیاں تسلسل سے جاری رکھنے سے ہی ہم انشاء اللہ ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوں گے، سرکاری ادارے انسداد ڈینگی اقدامات کو عوامی شمولیت سے نتیجہ خیز بنائیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر سطح پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے، انسداد ڈینگی اقدامات میں سرکاری محکموں کاغیرذمہ دارانہ رویہ بڑی رکاوٹ ثابت ہو سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں تمام محکموں کے ضلعی سر براہان اور اراکین نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے اجلاس میں غیرحاضر افسران اور کام نہ کرنے والے افسران و ملازمین کو جواب طلبی کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی اقدامات میں مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرنے والوں کو شوکاز جاری کرنے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے غیرذمہ دارانہ رویہ انسداد ڈینگی اقدامات میں بڑی رکاوٹ ثابت ہو سکتا ہے، ہمیں اپنی سرکاری ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرنا ہے، جو ادارے انسداد ڈینگی کی کاروائیاں نہیں کررہے وہ فوری طور پر اپنی کاروائیاں شروع کرکے طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہ کہا اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ضلع اوکاڑہ ڈینگی فری ہے ،ہسپتالوں میں بھی انسداد ڈینگی وارڈ مکمل طور پر فعال ہیں، ہسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لئے تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات ،محکمہ لیبر اورمیونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹائر مارکیٹوں، کباڑ خانوں ،گوداموں پر گہری نظر رکھیں، مارکیٹوں اور سرکاری دفاتر میں بھی ویکٹر سر ویلینس کا کام انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے سر انجام دیا جائے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ حافظ محمد عبداللہ اورسی ڈی سی آفیسر چوہدری محمد اصغر نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات،ویکٹرسرویلینس اور سرکاری اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔