اوکاڑہ،02جون(اے پی پی ):پنجاب حکومت کی ہدایت پرعوام کے ریونیو سے متعلق مسائل کے فوری ازالہ کیلئے اوکاڑہ میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری دوسرے روز بھی ضلع کونسل اوکاڑہ میں منعقد کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفیٰ جٹ نے کچہری میں آئے سائلین کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر تحصیلدار، قانونگو، پٹواری سمیت دیگر ریونیو سٹاف بھی موجود تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفیٰ جٹ نے ریونیو عوامی خدمت کچہری سے خطاب میں کہا کہ ریونیو عوامی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کا ایک ہی چھت تلے ازالہ کرنا ہے تاکہ انہیں مختلف دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں اور عوام کو در پیش ریونیو سے متعلقہ مشکلات کا فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر کوکھلی کچہری میں سائلین کی طرف سے ڈومیسائل، فرد کا اجراء، انتقال کا اندراج، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور دیگر متفرق کیسز کے حوالے سے جتنی بھی درخواستیں موصول ہوئیں ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے جس پرسائلین نے ریونیو عوامی خدمت کچہری کے انعقاد کو سراہا۔